کراچی: وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ مشیر خزانہ کا گیس بحران کا اعتراف وفاقی وزارت توانائی کی نا اہلی پر چارج شیٹ ہے۔
امتیاز شیخ نے مشیر خزانہ شوکت ترین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بروقت ایل این جی ٹینڈرنہ کرکے خزانے کو اربوں ڈالر نقصان پہنچایا گیا، موجودہ اور سابق وزرا ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر پر جھوٹ بولتے رہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گیس بحران کے اعتراف کے بعد وزیر توانائی کو مستعفی ہوجانا چاہیے، تین سال سے ایل این جی خریداری پر ملکی خزانے کو تاریخی نقصان پہنچایا گیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور بدعنوانیوں کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے، موجودہ حکومت کے اندر مافیاز موجود ہیں جن کو ذاتی مفاد عزیز ہے، مہنگی ایل این جی خریداری پر نیب و دیگر اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے بحرانوں کےخاتمے کیلئےحکومت سے نجات ناگزیر ہے۔