بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

سستی بجلی کے حصول سے توانائی کی کمی کو پورا کیا جا سکے گا، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سستی بجلی کے حصول سے توانائی کی کمی کو پورا کیا جا سکے گا، سستی بجلی کی فراہمی سے ملکی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں فیصل واوڈا، سیکریٹری آبی وسائل، چیئرمین واپڈا سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، تربیلا اوردیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر 2019 کے وسط میں شروع ہوئی، مہمند ڈیم کی تعمیر 2024 تک مکمل ہوگی، منصوبے سے 12 لاکھ ایکٹر فٹ پانی ذخیرہ ہوگا، منصوبے سے 800 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ فیزون 2020 میں شروع کیا جائے گا، منصوبے سے 2360 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی، پراجیکٹ کا فیز ٹو 2025 سے شروع ہو کر2027 تک مکمل ہوگا، منصوبے کے فیزٹو سے 2160 میگا واٹ بجلی میسر آئے گی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دیا میر بھاشا ڈیم 2020 سے شروع ہوگا، دیامیر بھاشا ڈیم منصوبہ 2027 تک مکمل کیا جائے گا، منصوبے سے 8.1 ملین ایکٹر فٹ پانی ذخیرہ ہوسکے گا، منصوبے سے 4500 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی، منصوبوں سے 9620 میگا واٹ توانائی کی اضافی صلاحیت میسر آئے گی۔

وزیراعظم نے ملک میں ہائیڈرو پاور منصوبوں میں پیشرفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ، سستی بجلی حکومتی ترجیحات ہیں، پانی جیسے بیش قیمت وسائل کا مؤثر استعمال کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کا مؤثراستعمال معیشت کی ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کرتا ہے، سستی بجلی کے حصول سے توانائی کی کمی کو پورا کیا جا سکے گا، سستی بجلی کی فراہمی سے ملکی صنعت کو بھی فروغ ملے گا، ملکی پیداوار کی عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ان منصوبوں پر بلا تعطل عمل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، اس سلسلے میں ہر ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی، منصوبوں سےمتعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پردورکرنے پرتوجہ دی جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں