بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

افغانستان ورلڈکپ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے میں‌ ناکام، انگلینڈ‌ میچ کا فاتح

اشتہار

حیرت انگیز

مانچسٹر: ورلڈکپ 2019 کے 24ویں میچ میں افغانستان کی ٹیم انگلینڈ کی جانب سے دیا جانے والا ورلڈکپ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اُسے 150 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کا 24واں میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا، آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا اعلان کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز جے ایم وائنس اور بیرسٹو نے کیا، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز جوڑے، بعد ازاں جوائے روٹ اور وائنس نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔

میزبان ٹیم کی دوسری وکٹ 164 کے مجموعی اسکور پر گری، بعد ازاں کپتان آئن مورگن اور روٹ نے شاندار بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ کے لیے 189 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، جوئے روٹ 88 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو کپتان نے جارحانہ بیٹنگ کے سلسلے کو جاری رکھا۔

آئن مورگن نے  17 چھکے مار کر  ورلڈکپ 2019 میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بنایا، انہوں نے 71 گیندوں پر صرف چار چوکے لگائے اور 148 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے مجموعے کی طرف لے جانے میں مدد فراہم کی، 359 کے مجموعی اسکور پر کپتان بھی آؤٹ ہوئے، نئے آنے والے دونوں بیٹسمین بٹلر اور بین اسٹوکس صرف 2، 2 رنز بنا سکے۔

انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے، میزبان ٹیم کی جانب سے مورگن 148، بیرسٹو 90، جوئے روٹ 88 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ افغانستان کی جانب سے دولت زردان اور گلبدین نائب نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، راشد خان نے 9 اوورز میں 110 رنز دے کر بدترین ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

افغانستان کی ٹیم نے 398 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو نوراللہ زردان بغیر کھاتہ کھولے چار کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، دوسرے بلے باز 52 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، نئے آنے والے بیٹسمین رحمت شاہ نے محتاط انداز سے بیٹنگ تو کی مگر اے یو نے انہیں 104 کے مجموعی اور 46 کے مجموعی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔

افغانستان کی چوتھی وکٹ 198 ، پانچویں 210، چھٹی ، ساتویں، 234 جبکہ آٹھویں 247 کے مجموعی اسکور پر گری، انگلینڈ کے اے یو راشد اور آرچر نے تین تین جبکہ ایم اے ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں، حشمت اللہ شاہدی 74 اور رحمت شاہ 46 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

مقررہ پچاس اوورز میں افغانستان کی ٹیم 398 رنز کے تعاقب میں صرف 247 رنز بنا سکی یوں انگلینڈ نے 150 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی، افغان ٹیم کو ورلڈکپ میں مسلسل پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹیموں میں تبدیلیاں

افغانستان کے کپتان گلبدین نائب نے بتایا کہ اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، حضرت اللہ زازئی کی جگہ نجیب اللہ زادران، حامد حسن کی جگہ مجیب الرحمان اور حامد حسین کی جگہ دولت زاردان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ انگلینڈ نے بھی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کیں، جیسن رائے کی جگہ جیمز وینس اور لیام پلنکٹ کی جگہ معین علی کو اسکواڈ میں شامل کی گیا۔

واضح رہے کہ افغانستان کی ٹیم اب تک ایونٹ میں 4 میچز کھیل چکی ہے اور اسے تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ میزبان ٹیم نے ایونٹ میں اب تک چار میچز کھیلے جس میں سے اُسے تین میں کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں