اتوار, نومبر 24, 2024
اشتہار

’ارطغرل غازی‘ سے حقیقی زندگی میں بھی دھوکا کرنا مہنگا پڑ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: ’ارطغرل غازی‘ سے حقیقی زندگی میں بھی دھوکا کرنا مہنگا پڑ گیا، کاشف ضمیر کو ریمانڈ پر سی آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مشہور ہونے والے ترکی ڈراما سیریل اطغرل غازی کے ہیرو انگین آلتان سے حقیقی زندگی میں بھی دھوکا کرنا ایک پاکستانی شہری کو نہایت مہنگا پڑ گیا ہے۔

انگین آلتان کو پاکستان بلا کر دھوکا کرنے والے کاشف ضمیر کو لاہور کی مقامی عدالت نے فراڈ کے الزام میں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی آئی اے کے حوالے کر دیا۔

- Advertisement -

ملزم کاشف ضمیر کو سی آئی اے پولیس نے کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ رحمان الہٰی کی عدالت میں پیش کیا تھا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ارطغرل غازی کے ہیرو انگین آلتان کو ملزم نے ایونٹس کے لیے پاکستان بلا کر 8 کروڑ روپے کا جعلی چیک دے دیا، جس کے بعد انگین آلتان پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس چلے گئے۔

سی آئی اے پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ انگین آلتان کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، لہٰذا تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے، جس پر عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی آئی اے کے حوالے کر دیا۔

فراڈ کے ایک اور مقدمے میں عدالت نے کاشف ضمیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ نوشابہ یوسف نے کیس کی سماعت کے بعد پولیس کی استدعا پر ایک روزہ ریمانڈ منظور کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں