فیصل آباد: اے ٹی ایم مشین سے لاکھوں روپے غائب کرنے والا پکڑا گیا، مشین کھول کر 40 لاکھ روپے چرانے والا مشین کی سروس کمپنی کا انجینئر نکلا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں اے ٹی ایم مشین کھول کر 40 لاکھ روپے چرانے والا اے ٹی ایم مشین کی سروس کرنے والی کمپنی کا ملازم نکلا، ملزم نے ہیلمنٹ پہن کر واردات کی۔
[bs-quote quote=”ملزم عثمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس کی جسامت سے شناخت کیا گیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
پولیس نے بتایا کہ لاہور کا رہائشی ملزم عثمان این سی آر کمپنی میں اے ٹی ایم انجینئر ہے، کمپنی نے نیشنل بینک کینال روڈ میں اے ٹی ایم نصب کی تھی، جہاں سے ملزم نے 10 نومبر کو اے ٹی ایم سے 40 لاکھ 78 ہزار روپے چرائے۔
پولیس کے مطابق ملزم عثمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس کی جسامت سے شناخت کیا گیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم اندر داخل ہوا اور مشین کھول کر اس کا صفایا کر دیا۔
گرفتار ملزم عثمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے کوڈ لگا کر اے ٹی ایم کھولی، چرائی گئی رقم میں 15 لاکھ 78 ہزار روپے کی کار خریدی۔
یہ بھی پڑھیں: ہیکرز نے مزید دو شہریوں کے بینک اکاؤنٹس کا صفایا کر دیا
ملزم عثمان نے بتایا کہ پولیس نے اس سے کار اور 24 لاکھ 91 ہزار روپے وصول کر لیے ہیں۔ ملزم نے یہ بھی بتایا کہ اس نے اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے کی پہلی واردات کی اور پکڑا گیا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں ہیکنگ کے ذریعے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس کا صفایا کرنے والے ہیکرز کی خبریں آئے دن آ رہی ہیں، تاہم اب اے ٹی ایم مشین ہی کھول کر واردات کی گئی۔