شارجہ: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے پہلے روز ہی پاکستانی ٹیم دوسوچونتیس رنز پر آؤٹ ہوگئی، مصباح کی نصف سنچری اور انگلش بولر جیمز اینڈرسن نے چار وکٹ حاصل کیں، انگلینڈ کی ٹیم نے دن کے اختتام پر چار رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان ٹیم کیلئے شارجہ ٹیسٹ کا پہلا روز برا ثابت ہوا، انگلش ٹیم نے پاکستان بلے بازوں کو فاسٹ بولرز کیساتھ اسپن کے جال میں پھنسا دیا، پہلی سے آخری وکٹ تک پاکستانی بلے باز بے بسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلد پویلین لوٹ آئے۔
پاکستانی کھلاڑی حفیظ ستائیس، ملک اڑتیس، یونس اکتیس اور سرفراز انتالیس رنز بناسکے جبکہ عمررسیدہ کھلاڑی کا لیبل چپکائے کپتان مصباح الحق نے ذمہ داری نبھائی اور کیرئیر کی بیتیسویں نصف سنچری اسکور کی،لیکن وہ غلط شاٹ کھیلتے ہوئے اکہتر رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
انگلش ٹیم نے آخر میں راحت علی کو آؤٹ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو دوسو چونتیس رنز پر ڈھیر کردیا، جیمز اینڈرسن نے چار، سمت پٹیل،معین علی اور اسٹورٹ براڈ نےدو، دو وکٹ حاصل کی۔
دن کے اختتام پر انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے چار رنز بنالیے ہیں۔