لندن : کورونا کیسز کی دوسری لہر کے پیش نظر برطانوی حکومت نے آئندہ ہفتے دوبارہ ملک گیر لاک ڈاؤن پر غور شروع کردیا، جو کرسمس کے آغاز تک جاری رہ سکتا ہے۔
اس حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حکام نے برطانیہ میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ملک گیر لاک ڈاؤن کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم بورس جانسن نے حتمی فیصلے کے لیے غور شروع کردیاہے، برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کہا جارہا ہے کہ مذکورہ لاک ڈاؤن کرسمس کے آغاز تک یعنی رواں سال دسمبر کے آخر تک جاری رہ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی کی دوسری لہر کے دوران اموات کی شرح میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے، اس بات کو لیتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں نے حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ لیبر پارٹی کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے اپوزیشن کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات میں بہت دیر ہوچکی ہے۔
علاوہ ازیں خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ ہفتے برطانوی سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے نہ صرف کیسز بڑھ رہے ہیں بلکہ اسپتال میں لوگوں کے مرنے کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے، اس لیے ملک گیر لاک ڈاؤن آخری لائن ہے مگر ہم قومی سطح کے لاک ڈاؤن کو نظر انداز کرکے مقامی ایکشن چاہتے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے شمال مشرقی علاقوں میں نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں جب کہ برطانیہ کی 65 ملین کی آبادی میں اب بھی 11 ملین سے زائد افراد مقامی طور پر نافذ کی گئی پابندیوں کا سامنا کررہے ہیں جن میں برمنگھم، مانچسٹر، شمال مشرق، لانرکشرے اور لیسٹر کے علاقے کے شہری شامل ہیں۔