ابوظہبی: انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک کی ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں آٹھ وکٹ پر 569رنز بنا کر 46 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
ابوظہبی میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے 290 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو ایلسٹر کک 168 اور جو روٹ تین رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
دونوں کھلاڑیوں نے بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر پاکستانی باؤلرز کی درگت بناتے ہوئے خوب رنز بٹورے خصوصاً جو روٹ کا انداز قدرے جارحانہ تھا۔
دونوں کھلاڑیوں نے دن کے پلے سیشن میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور 110 رنز جوڑ کر مجموعے کو 400 تک پہنچا دیا۔
انگلش کپتان اس دوران خوش قسمت بھی رہے جبکہ 173 کے انفرادی اسکور پر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد ان کا کیچ نہ تھام سکے۔
ایلسٹر کک نے اپنی سنچری کو ڈبل سنچری میں تبدیل کیا اور روٹ کے ساتھ 141 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی برتری کو مزید کم کر دیا.
جو روٹ 85 رنز بنانے کے بعد راحت علی کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ جونی بیئراسٹو بھی آٹھ رنز ہی بنا پائے.
تاہم دوسرے اینڈ پر موجود کک پاکستانی باؤلرز کا مزید امتحان لینا چاہتے تھے اور انہوں نے بین اسٹوکس کے ساتھ مزید 91 رنز جوڑے.
شعیب ملک نے پہلے 57 رنز بنانے والے اسٹوکس کی وکٹیں بکھیریں اور پھر 549 کے مجموعی اسکور پر ایلسٹر کک کی میراتھن اننگ کا بھی خاتمہ کردیا.
ایلسٹر کک نے 18 چوکوں کی مدد سے 263 رنز کی شاندار اننگ کھیلی.
ذوالفقار بابر نے جوز بٹلر کو آؤٹ کر کے ٹیم کو آٹھویں کامیابی دلاتے ہوئے اپنی پہلی وکٹ بنایا.
جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے آٹھ وکٹ پر 569 رنز بنا کر پاکستان پر پہلی اننگ میں 46 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی.
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین اور شعیب ملک نے دو وکٹیں حاصل کیں.
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم پہلی اننگ میں 523 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔