اشتہار

مانچسٹر ٹیسٹ، انگلش ٹیم کا بھرپور کم بیک، پاکستان مشکلات کا شکار

اشتہار

حیرت انگیز

اولڈ‌ ٹری فورڈ: انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز بھرپور کم بیک کیا جس کی وجہ سے قومی ٹیم مشکلات کا شکار رہی، پاکستان نے کھیل کے اختتام تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز اسکور کیے۔

پاکستانی بولرز نے اپنی جادوئی باولنگ سے میزبان ٹیم کو 219 رنز پر آؤٹ کر کے 107 رنز کی برتری حاصل کی اور پھر تیسرے ہی روز دوسری اننگز کا آغاز کردیا۔

قومی ٹیم دوسری اننگز میں اچھا آغاز نہیں کرسکی اور کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹک سکا۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر یاسر شاہ 12 اور محمد عباس بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے۔

- Advertisement -

پاکستان نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 137 رنز بنائے اور انگلینڈ پر 244 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے  6 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عابد علی نے جنہوں نے 20 رنز اسکور کیے، کپتان اظہر علی 18 اور بابر اعظم پانچ رن بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔

اسد شفیق 29 کے انفرادی اور 101 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے، یوں پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی، بعد ازاں وکٹ کیپر محمد رضوان 120 کے مجموعی جبکہ 27 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین روانہ ہوئے، نئے آنے والے بلے باز شاداب خان 15 اور شاہین شاہ آفریدی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

انگلینڈ کے ایس سی جے براڈ ، سی آر واکس، بین اسٹروکس نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈی ایم بیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تیسرے دن کے کھیل کا آغاز

مانچسٹر ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی بولرز چھائے رہے اور انہوں نے انگلینڈ کے بلے بازوں کو ہوم گراؤنڈ میں اپنی گوگلی ، ان سوئنگ سے پریشان کیا، بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم پہلی اننگز میں صرف 219 رنز بنا سکی۔

انگلینڈ کی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر تیسرے روز  بیٹنگ کا آغاز کیا تو اولی پوپ 46 اور بٹلر 15 رنز کے ساتھ وکٹ پر آئے، قومی ٹیم کے نوجوان بولر نسیم شاہ نے 62 کے انفرادی اسکور پر پوپ کی وکٹ لی، بعد ازاں یاسر شاہ نے جوز بٹلر کو 38، ڈوم بیس کو ایک اور کرس ووکس کو 19 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

شاداب خان نے جوفرا آرچر کو 16 اور جیمز اینڈریسن کو 7 رنز پر آؤٹ کر کے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کا خاتمہ کیا۔

یاسر شاہ نے 66 رنز کے عوض 4 وکٹیں گرائیں جبکہ محمد عباس اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

تیسرے روز پاکستانی باؤلنگ کا خلاصہ

اولی پاپ نے تیسرے دن کچھ مزاحمت کی پر وہ 62 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔ جوز بٹلر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھر سکے اور 38 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ڈام بیس صرف ایک رن بناسکے جب کہ کرس ووکس نے 19 ، آرچر نے 16، اینڈرسن نے 7 رنز بنائے۔ اسٹورٹ براڈ 29 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں