ناٹنگھم : انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے زیادہ481رنز کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا، کینگروز بالرز کا بھرکس نکال دیا، اس سے قبل بھی سب سے زیادہ رنز کے ریکارڈ کا اعزاز انگلینڈ ہی کے پاس تھا۔
تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے آسٹریلیا کیخلاف چھ وکٹوں کے نقصان پر481 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ انتہائی غلط ثابت ہوا، جیسن رائے اور بیرسٹو نے انگلینڈ کو شاندار آغاز فراہم کیا۔
جونی بیئر اسٹو، ایلکس ہیلز اور اوئن مورگن نے آسٹریلوی بالز کو کہیں کا نہ چھوڑا، بیئر اسٹو نے139اور ایلکس ہیلز نے147رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔
اوئن مورگن21 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری بنانے والے انگلش کھلاڑی بن گئے، انہوں نے نے30گیندوں پر67رنزبنائے، آسٹریلین بولرز نے رحم کی جتنی اپیلیں کیں بلےبازوں نے سب مسترد کردیں۔
اینڈریو ٹائی کو نو اوورز میں پورے سو رنز کی مار پڑی جبکہ جھائی رچرڈسن نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 92 رنز دیئے، انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے اپنی شانداراننگز میں21 چھکے 38 چوکے لگا کر سب سے زیادہ481رنز کا ورلڈ ریکارڈ بنادیا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی سب سے زیادہ 444رنز کے ریکارڈ کا اعزاز انگلینڈ کے پاس تھا جو اس نے سال2016میں پاکستان کیخلاف اسکور کیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔