لیڈز: انگلینڈ نے چوتھے ون ڈے میچ میں بھی پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دے دی جس کے بعد گرین شرٹس پر وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا.
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے شہر لیڈز میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے.
پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم 24، بابراعظم اور سرفراز احمد 12،12 جب کہ محمد رضوان 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.
اس دوران اظہر علی سست روی سے بیٹنگ کرتے رہے اور 102 گیندوں پر 80 رنز بنا کر پویلین لوٹے.محمد نواز بھی صرف 13 رنز بنا سکے تاہم عماد وسیم نے آٹھویں نمبر پر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 41 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور مستحکم کیا.
دوسری جانب 247 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے ہدف 48 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کیا.
انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوک 69، جونی بریسٹو 61 اور معین علی نے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ دیگر بلے بازوں میں جیس روئے نے 14، الیکس ہیلز 8، جوئے روٹ 30 اور کپتان این مورگن نے 11 رنز بنائے.
*انگلینڈ نے ون ڈے سیریز جیت لی، پاکستان کو 169رنز سے شرمناک شکست
پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2، عمرگل، حسن علی اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی.
واضح رہے کہ کپتان اظہر علی پرامید ہیں کہ پانچویں اور آخری میچ میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے اور انگلینڈ کو سیریز کے آخری میچ میں جیتنے کا موقع نہیں دیں گے.