نگراں وزیراعظم نے کہا ہے کہ کاروباری افراد بیرون ملک منڈیوں کو اپنا ہدف بنائیں، جس قدر ٹیکس محصولات میں اضافہ ہوگا اتنا ہی سہولتوں کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کےتحت پاکستان کی بہترین کمپنیوں کوایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تاجر عالمی منڈیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی مصنوعات اور سروسز کو تیار کریں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کا ہندسہ عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے۔ تاجر برادری اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مزید کامیابیوں کیلئے دعاگو ہیں۔ بہترین کامیابی کے موقع پر موجودگی میرے لیے باعث مسرت ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ خواہش ہے ایسےاقدامات کریں جن سے آنے والی حکومتوں کو آسانیاں ہوں۔ بڑی کاروباری کمپنیوں کو فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ امید ہے آئندہ کامیاب کمپنیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ ہم نے شاندار کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے۔ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔
انھوں نے کا کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کو سدھارنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ تاجر برادری کی کامیابی پر مجھ سمیت پوری قوم کو فخر ہے۔ یہ تاریخی کامیابی ملک میں مزید بہتر اصلاحات کا پیش خیمہ ہے۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کیخلاف اقدامات کیے۔ خواہش ہے تاجر برادری ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے مزید کامیابیاں سمیٹے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹرکوسرمایہ کاری کیلئے خوش آمدید کہیں گے، ایس آئی ایف سی ملک میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے۔ سمت کی درستگی سے شاندار کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔