بدھ, جنوری 29, 2025
اشتہار

’پاکستان دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ’’5 واں‘‘ ملک ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں پانچویں نمبر پر اور درجہ حرارت بڑھ کر 53.7 سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے اسلام آباد مین نیشنل ڈائیلاگ برائے اڈاپٹیو سوشل پروٹیکشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں پانچویں نمبر پر ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ملک میں سیلاب اور خشک سالی کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان میں ہیٹ ویوز ہر سال اوسطاً 41 دن تک جاری رہتی ہیں اور ملک میں درجہ حرارت 53.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ ہمارے شہر تین سال سے دنیا کے سب سے گرم ترین شہروں میں شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سمندری سطح میں اضافے کے باعث 1.8 ملین ایکڑ زرعی اراضی ختم ہو چکی ہے جب کہ سمندری سطح میں اضافے سے خوراک اور ساحلی معیشت کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان پچھلے 20 سالوں میں 152 شدید ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا کر چکا ہے۔ صرف 2022 کے سیلاب سے 30 بلین ڈالر کا اقتصادی نقصان ہوا۔ 2024 میں بھی مون سون سیلاب نے 196 افراد کی جان لی اور 8 ہزار افراد بے گھر ہوئے۔

پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ پانی کی کمی والے ممالک میں شامل ہے۔ ہماری 60 فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی نہیں مل رہا۔ 30 فیصد بیماریاں اور 40 فیصد اموات غیر محفوظ پانی کے استعمال سے ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کی 40 فیصد آبادی کو خوراک کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں