لندن: خراب بیٹنگ فارم اورفٹنس مسائل میں گھرے انگلش وائٹ بال ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ریٹائرمنٹ لینے کا عندیہ دے دیا ہے۔
میڈیا پورٹ کے مطابق انگلش کپتان بار بار انجریز کا شکار ہونے اور میچز میں پرفارم نہ ہونے پر شدید ذہنی تناؤ کا شکار ہیں جس کے سبب انہوں نے کرکٹ سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مورگن رواں سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی قیادت کرنا چاہتے تھے لیکن گزشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران ناقص فارم اور فٹنس کے باعث انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
مورگن نے رواں ماہ نیدرلینڈز میں ایک روزہ سیریز میں انگلش ٹیم کی قیادت کی تھی جس میں وہ انجری کے باعث خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے نیدرلینڈز کیخلاف ون ڈےسیریزمیں وہ دوبار گولڈن ڈک پرآؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلش بیٹر جو روٹ کا نا قابل یقین چھکا، ویڈیو وائرل
رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے نائب کپتان جوز بٹلر کو مورگن کی ریٹائرمنٹ کے بعد ذمہ داری دیئے جانے کا امکان ہے،بٹلر کی پہلی اسائنمنٹ بھارت کے خلاف ہائی پروفائل سیریز ہوسکتی ہے جس میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچ شامل ہیں جو 7 جولائی سے شروع ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایون مورگن کی کپتانی میں انگلینڈ ٹیم 2019 کا ورلڈکپ اپنے نام کرچکی ہے۔