اسلام آباد : ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں تاریخی اور شاندار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے صدر مملکت ممنون حسین کو ٹیلیفون کیا اور پاک امریکہ موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترک صدر نے پاکستانی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان سے متعلق ٹویٹ ناپسندیدہ ہے جبکہ پاکستانی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
رجب طیب اردگان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں تاریخی اور شاندارہیں، پاکستان ترکی برادر ملک ہیں اور ہرطرح کی صورت حال میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر صدرممنون حسین نے ترک صدر کے اظہار یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترک بھائیوں کے محبت بھرے پیغام سے فخرمحسوس ہوا۔
صدرممنون حسین نے مزید کہا کہ نامناسب امریکی پیغام کا مناسب جواب دیا جائے گا جبکہ پاکستان رابطے اور تعاون کی پالیسی پریقین رکھتا ہے لیکن اس کے جذبات کی قدر نہیں کی گئی۔
ہم نے امداد دی، پاکستان نے دھوکا دیا، اب ایسا نہیں ہوگا: امریکی صدر
یاد رہے کہ تین روز قبل امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا ہے جنہیں ہم افغانستان میں تلاش کررہے ہیں، امداد وصول کرنے کے باوجود پاکستان نے امریکہ سے جھوٹ بولا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔