ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ہمارا ملک اور مصر فلسطین پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔
انقرہ میں اپنے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی کے ساتھ بات کرتے ہوئے طیب اردوان نے کہا کہ ہم خونریزی کو ختم کرنے اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کو جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ آج بھی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
ترک صدر نے کہا ہے کہ شہریوں پر ہزاروں ٹن بم گرانے کے علاوہ اسرائیل نے غزہ میں ’’بھوک سے مرنے کی پالیسی‘‘ کا استعمال جاری رکھا ہوا ہے، بھوک سے مرنے والا ہر فلسطینی شہری اور بچہ اسرائیل اور اس کی پشت پناہی کرنے والوں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ریاستیں اسرائیل کی "غیر مشروط حمایت” جاری رکھے ہوئے ہیں حالانکہ اسرائیل کو "پورے خطے کو جنگ میں جھونکنے” سے "روکنا” چاہیے۔
مصر کے السیسی نے غزہ میں ‘فوری’ جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال کو "بے مثال تباہی” قرار دیا۔