ٹوکیو: سفر کے شوقین افراد نے جاپانی ایئرلائن آل نِپون ایئرویز کے سسٹم میں خرابی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مہنگے ٹکٹ نہایت سستے داموں خرید لیے۔
بلومبرگ کے مطابق آل نِپون ایئرویز (اے این اے) کی کرنسی کنورژن (کرنسی کو ڈالر میں تبدیل کرنا) میں بڑی غلطی ہوئی جس کا فائدہ مسافروں نے اٹھایا اور مہنگے ٹکٹ سستے داموں خرید لیے۔
رپورٹ کے مطابق ان میں زیادہ تر ٹکٹس جکارتہ سے جاپان اور جکارتہ سے نیویارک جبکہ وہاں سے واپس جنوب مشرقی ایشیا کے علاقوں کے تھے جس میں سنگاپور اور بالی جیسے پرفضا مقامات کے ٹکٹس شامل تھے۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق یہ 14 ہزار 500 کلومیٹر کا سفر اے این اے کی فرسٹ کلاس کے ذریعے عمومی طور پر اس قیمت سے 20 گنا زیادہ مہنگی قیمت پر دستیاب ہوتا ہے،مگر مسافروں نے سسٹم میں خرابی کے باعث 10 ہزار ڈالر میں ملنے والی بزنس کلاس کی ٹکٹس چند سو ڈالر میں خرید لیں۔
کمپنی اے این اے ہولڈنگز لمیٹڈ نے تصدیق کی کہ ’یہ خرابی ان کی ویت نام والی ویب سائٹ میں سامنے آئی جہاں کرنسی کنورژن میں غلطی ہوئی تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے مسافروں نے اس خرابی سے فائدہ اٹھایا؟۔
اے این اے کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ جن لوگوں نے ٹکٹ خرید لی تھی انہیں ایئرلائن یہ ڈسکاؤںٹ دے گی بعد ازاں ایئرلائن نے یہ بتایا کہ حتمی فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا، حتمی فیصلہ رواں ماہ کے آخر تک کیا جائے گا۔