انقرہ: ترکی کی مشہور ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں عبدالرحمان کا کردار نبھانے والے اداکار جلال آل نے مداحوں سے فلسطین، یمن اور شام میں جنگ سے متاثر افراد کے لیے عطیات کی اپیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق ارطغرل ڈرامے میں کائی قبیلے کے اہم جنگجو عبدالرحمان الپ کا کردار نبھانے والے جلال آل نے گزشتہ روز اپنی سالگرہ منائی، اس موقع پر دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں نے مبارک باد کے ساتھ محبت بھرے اور دعائیہ پیغامات بھیجے۔
ترک اداکار نے اپنی سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جنگ سے متاثرہ ممالک یمن، شام اور فلسطینی عوام کی مدد کے لیے عطیات کی اپیل بھی کی۔
عبدالرحمان الپ نے انسٹاگرام پر شیئر کردہ اسٹوری میں لکھا کہ ’میرے مداح جو میری سالگرہ منانا چاہتے ہیں وہ فلسطین میں موجود اپنے بھائیوں اور بہنوں کی عطیات کے ذریعے مدد کرسکتے ہیں۔‘
ترک اداکار نے اپنے مداحوں سے شام اور یمن میں موجود جنگ سے متاثر ہونے والے لوگوں کے لیے مدد کی اپیل بھی کی۔