کراچی: ترک سیریز ارطغرل غازی سے پاکستان میں مقبول ہونے والے ترکش اداکار اینگین آلتن نے 3 پاکستانی خصوصی بچوں کی خواہش پوری کردی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترکش اداکار اینگین آلتن نے تین پاکستانی خصوصی بچوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کرکے ان کی خواہش پوری کردی، میک اے وش فاؤنڈیشن کی جانب سے اینگین آلتن کو دعوت نامہ بھیجا گیا تھا۔
خصوصی بچوں میں فضا، سدرہ اور سہیل شامل تھے، ارطغرل غازی کو پہلے وش پوری کرنے کے لیے براہ راست کراچی آنا تھا لیکن کرونا کے باعث ارطغرل غازی بچوں سے کراچی میں نہیں مل سکے۔
کراچی میں ہونے والی تقریب کی میزبانی اداکارہ عائشہ عمر نے کی، تقریب میں ہمایوں سعید ودیگر بھی شریک تھے۔
اس موقع پر بچوں نے ارطغرل ڈرامے جیسے ملبوسات زیب تن کیے، بچوں کی جانب سے ترک اداکار کو تلوار کا تحفہ بھی دیا گیا جو ترک قونصل جنرل نے ان کی جانب سے وصول کیا۔
اینگین آلتن نے کہا کہ ’میں پاکستانی شہریوں کی جانب سے ملنے والی محبت پر ان کا شکر گزار ہوں، بہت جلد پاکستان آکر مداحوں سے ملاقات کروں گا۔
ڈرامے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ارطغرل کردار بہت مشکل ضرور تھا مگر زبردست بھی تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے کہا کہ ارطغرل کی تمام اقساط دیکھی ہیں اور اس کی وجہ اینگین آلتن کی اداکاری ہے جس سے وہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ ترک ڈرامے ارطغرل غازی نے نشر ہوتے ہی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے تھے اور پہلی قسط کے ویوز کا ریکارڈ قائم ہوا جسے اب تک 7 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے، یہ پاکستان میں کسی بھی ڈرامے کی ایک قسط کو سب سے زیادہ دیکھے جانے کا ریکارڈ ہے۔