بالی ووڈ کی اداکارہ ہیما مالنی کی صاحبزادی و اداکارہ ایشا دیول نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے چھونے پر ہجوم میں کھڑے ایک شخص کو تھپڑ مار دیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ایشا دیول نے سن 2005 میں فلم ’دس‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جس کی کاسٹ میں سنجے دت، سنیل شیٹی، ابھیشک بچپن، شلپا شیٹی، زید خان ودیگر شامل تھے۔
ایشا دیول کی فلم ’دس‘ کا ٹائٹل سونگ ’دس بہانے کرکے لے گئے دل‘ بھی کافی مقبول ہوا تھا۔
تاہم اب ایشا دیول نے اسی فلم کے پریمیئر کے دوران پیش آئے واقعے سے متعلق ٹی وی شو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ تقریب میں موجود تھیں اسی دوران ایک شخص نے انہیں سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود ہجوم سے قریب آکر چھوا تو میں نے اس کا ہاتھ پکڑ کر باہر کھینچا اور اس کی پٹائی کردی تھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں جذباتی بالکل نہیں ہوں لیکن کوئی ایسی حرکت کرے تو میری برداشت سے باہر ہوجاتا ہے اور میں آپے سے باہر ہوجاتی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا ماننا ہے کہ عورتیں جذباتی طور پر مردوں کے مقابلے میں مضبوط ہوتی ہیں۔
یاد رہے کہ دھرمیندر اور ہیما مالنی کی صاحبزادی ایشا دیول نے 2012 میں تاجر بھرت تختانی سے شادی کی تاہم 2024 میں انہوں نے علیحدگی کا اعلان کیا اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔