کراچی: شہر قائد میں سرکلر ریلوے کی پٹڑی پر آزمائشی ٹرین چلادی گئی، آزمائشی ٹرین نے 14 کلو میٹر کا راستہ دو گھنٹے میں طے کیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے پر 4 بوگیوں اور دونوں طرف انجن کے ساتھ آزمائشی ٹرین چلائی گئی، آزمائشی ٹرین کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن سے اورنگی اسٹیشن تک چلائی گئی۔
ذرائع کے مطابق ٹریک کی خراب حالت کے باعث ٹرین نے منٹوں کا فاصلہ دو گھنٹے میں طے کیا، کراچی سرکلر ریلوے کے سٹی اسٹیشن سے اورنگی تک تمام اسٹیشن ٹوٹے اور بوسیدہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی اسٹیشن پر پلیٹ فارم سمیت ٹکٹ گھر بھی درست حالت میں نہیں ہیں، واضح رہے کہ سرکلر ریلوے کو 16 نومبر سے چلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان ریلوے نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی بحالی میں اب تک کی پیشرفت کی تفصیلات جاری کیں تھیں۔
رپورٹ کے مطابق کراچی سرکلر ریلوےکے پہلے مرحلے میں کراچی سٹی اسٹیشن سے منگھو پیر تک 12 کلو میٹر ٹریک بحال ہو چکا ہے جب کہ اورنگی اسٹیشن تک 14 کلومیٹر کا ٹریک مکمل کیاجائےگا جس پرکام جاری ہے۔