لندن: برطانوی حکومت نے جان لیوا کورونا وائرس کے علاج کے لیے دوا کی جلدازجلد تیاری کے لیے کورونا ویکسین ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔
ٹاسک فورس چیف سائینٹفک ایڈوائزر اور ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر کی سربراہی میں کام کرے گی اور جلد از جلد کورونا ویکسین کی عوام کو فراہمی یقینی بنائے گی۔
ٹاسک فورس ریسرچ اداروں کی مدد کرے گی اور ان کی مالی امداد بھی کرے گی، ٹاسک فورس 21 تحقیقاتی اداروں کو ایک کروڑ چالیس لاکھ پاؤنڈز دے گی۔
ٹاسک فورس کا اعلان برطانوی وزیر تجارت و توانائی الوک شرما نے کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ویکسین کی تیاری کیلئے پچیس کروڑ پاؤنڈز رکھے ہیں۔
الوک شرما کا کہنا ہے کہ برطانوی سائنسدان ویکسین کی جلد از جلد تیاری میں مصروف ہیں، ٹاسک فورس میں حکومتی نمائندے، پروفیسرز اور سائینسدان شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ویکسین کی تیاری پیچیدہ کام ہے اور کئی ماہ لگ سکتے ہیں، اب تک 5500 افراد نے ویکسین ٹرائل کے لئے اندراج کروایا ہے۔
وزیر تجارت و توانائی کا کہنا تھا کہ کچھ دنوں میں نئے مریضوں کی تعداد کم ہونا شروع گی جب کہ ویکسین تیاری کے بعد پہلے خطرے کا شکار لوگوں کو دی جائے گی۔