اسلام آباد: کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اپنے ماتحت اداروں میں ملازمین کی تعداد نصف کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ وزیٹرز کی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ماتحت اداروں و دفاتر کے نام مراسلہ لکھا ہے، مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ ماتحت دفاتر میں ملازمین کی تعداد نصف کر دی جائے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نصف ملازمین گھروں سے کام کریں گے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ماتحت اداروں میں مصافحہ اور معانقہ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ماتحت دفاتر میں کاغذی دستاویزات کی جگہ الیکٹرانک فائلز استعمال کی جائیں، کاغذی دستاویز استعمال کرنے کی صورت میں فائل سینی ٹائز کی جائے گی۔
مراسلے میں ماتحت دفاتر میں فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، مراسلے میں کہا گیا کہ تمام اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک ہوں گے۔ تمام دفاتر میں صبح و شام جراثیم کش اسپرے ہوں گے جبکہ دفاتر کے کمروں اور فرنیچر کی روز سینی ٹائزیشن ہوگی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے دفاتر میں وزیٹرز کی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے 3 لاکھ 54 ہزار 461 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 24 ہزار 938 ہے۔
اب تک ملک میں کرونا وائرس سے 7 ہزار 109 اموات ہوچکی ہیں جبکہ صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 22 ہزار 414 ہوگئی ہے۔