کراچی : بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی، ڈپریشن8سے 12گھنٹے میں سائیکلون کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کردی، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ڈپریشن شدت اختیار کر گیا، جو 8سے 12گھنٹے میں سائیکلون کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
چیف میٹ سردار سرفراز نے کہا کہ ممکنہ سائیکلون کے ممبئی، گجرات کی طرف بڑھنے کا امکان ہے، ڈپریشن کراچی کی ساحلی پٹی سے 1150 کلو میٹردور جنوب میں ہے، ڈپریشن سمندری طوفان مین بدلاتو اسے ‘نثارگا’ کا نام دیا جائےگا۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں طوفان سے پاکستانی ساحلی پٹی کوخطرہ نہیں، خلیج عدن میں بننے والا ڈپریشن ہواکے کم دباؤ میں تبدیل ہوگیا ہے، ہوا کا کم دباؤجنوب مغرب میں ہے، آج رات تحلیل ہوجائے گا، ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ سےپیپلز پارٹی رکن قومی اسمبلی قادرپٹیل کی ملاقات ہوئی ، جس میں ماہی گیروں کے مسائل پر بات چیت ہوئی،
قادر پٹیل نے کہا کہ سمندری طوفانوں ،کورونا کے سبب ماہی گیر شدید متاثرہوئے، جون میں مچھلی کے شکار پر پابندی ختم کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ فشریزکوہدایت کی پابندی ختم کرنے کی تجویز بھیجی جائے، ماہی گیروں کےمسائل ترجیحی بنیادپر حل کریں گے ، جون میں ماہی گیروں کو ریلیف دیا جائے گا۔