ادیس ابابا : افریقی ملک ایتھوپیا میں دہشت گرد گروہ کے درمیان جاری جھڑپوں میں فضائی بمباری کے نتیجے میں 80 افراد ہلاک 43 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افریقی ملک ایتھوپیا کئی سالوں سے خانہ جنگی کا شکار ہے جس کے باعث اب تک سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
دہشت گردی کا حالیہ واقعہ ایتھوپیا کے علاقے تیگرائے میں انتخابی عمل کے دوران پیش آیا، جہاں دو گروہ میں الیکشن کے دوران جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
جھڑپوں کے دوران ایک بڑے اور مصروف بازار میں فضائی بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں اب تک 80 افراد ہلاک اور 43 افراد زخمی ہوگئے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ دو گروہوں کے درمیان جنگ جاری ہے اور حملے کی جگہ تک ہلال احمر کی ایمبولینسوں کو رسائی نہیں دی جارہی ہے۔