اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

یورپی یونین نے برطانیہ کو انخلا کے لیے 31 جنوری تک توسیع دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

برسلز: یورپی یونین نے برطانیہ کو انخلا کے لیے 31 جنوری 2020 تک توسیع دے دی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے یورپی یونین سے انخلا کے لیے 31 جنوری تک توسیع کرنے کی برطانوی درخواست کی منظوری دے دی ہے۔

ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ سال 31 جنوری سے قبل برطانوی پارلیمنٹ یورپی یونین سے بریگزٹ ڈیل کی منظوری دے دیتی ہے تو برطانیہ ڈیڈ لائن سے قبل بھی یورپی یونین سے نکل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو 31 جنوری تک مہلت دینے کا فیصلہ یورپی یونین کے ڈپلومیٹس کے برسلز میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بریگزٹ ڈیل : یورپی یونین سے انخلا برطانوی حکومت کیلئے درد سر بن گیا

واضح رہے کہ برطانیہ کو 31 اکتوبر تک یورپی یونین سے نکل جانا تھا تاہم ڈیڈ لائن سے تین روز قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی درخواست پر تین ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بریگزٹ ڈیل پر اپوزیشن کے علاوہ اپنے پارٹی ارکان کو بھی راضی نہیں کرسکے تھے جس کے بعد انہوں نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا جسے اپوزیشن نے مسترد کردیا تھا تاہم ان کی بریگزٹ ڈیل کی تاریخ میں توسیع کی درخواست قبول کرلی گئی تھی۔

یاد رہے کہ 2016 کے ریفرنڈم نے عوام نے یورپی یونین سے انخلا کے حق میں ووٹ دیا تھا تاہم تین سال گزرنے کے باوجود بریگزٹ ڈیل التوا کا شکار ہے، بریگزٹ ڈیل میں ناکامی پر سابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے بھی مستعفی ہوگئی تھیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں