اسلام آباد: یورپین یونین نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پاکستان واپس آنے والی پروازیں آپریٹ کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق یوپین ممالک کی جانب سے پی آئی اے پر 6 ماہ کی پابندی عائد ہونے کے بعد سیکریٹری خارجہ نے ہنگامی طور پر تمام یورپین ممالک کے سفیروں سے رابطہ کیا۔
سیکریٹری خارجہ کی درخواست پر یورپین یونین نے پی آئی اے کو 3جولائی تک پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دے دی، جس کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے طیارے یکم تا تین جولائی برطانیہ اور یورپین ممالک کی فضائی حدود استعمال کرسکیں گے جبکہ پروازیں بھی معمول کے مطابق ہوائی اڈوں پر اتریں گی۔
مزید پڑھیں: یورپین یونین کے بعد برطانیہ نے بھی پی آئی اے کی پروازیں معطل کر دیں
پی آئی اے انتظامیہ، وزارت خارجہ اور پاکستانی سفرا نے یورپین حکام سے مسلسل رابطہ بھی کیا جس کے بعد اسلام آبادتا لندن اور واپسی کی پروازوں پی کے785 اور پی کے 786 کو آپریٹ کی اجازت بھی مل گئی۔
پاکستان انٹرنیشن لایئرلائن کے ترجمان عبد اللہ خان کا کہنا ہے کہ ’برطانیہ اور یورپین ممالک سے دیگر پروازوں کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی اور برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کی پروازیں 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی یورپ کیلئے تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ
یورپین ممالک اور برطانیہ کی پابندی کے بعد پی آئی اے کے طیارے مذکورہ ممالک کی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوسکیں گے اور نہ ہی انہیں کسی قسم کے آپریشن کی اجازت ہوگی۔