برسلز: یورپی یونین نے فلسطین میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں جاری بد ترین تشدد کے خاتمے کے مطالبے پر مبنی واضح پیغام جاری کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سربراہ وزارت خارجہ یورپی یونین جوزف بوریل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین کی ترجیح اور پیغام واضح ہے کہ اب تشدد ختم ہونا چاہیے۔
جوزف بوریل نے کہا فلسطین میں جاری تشدد کے خاتمے کے لیے یونین کی جانب سے سفارتی کوششیں جاری ہیں، اس سلسلے میں یورپی یونین کی ترجیح اور پیغام واضح ہے، یہ کہ اب تشدد ختم ہونا چاہیے۔
جوزف بوریل نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ اب یقینی بنایا جائے کہ ہر طرف سے شہری محفوظ رہیں، اور بڑھتے تشدد کے واقعات فوری ختم کیے جائیں۔
Continuing my outreach to counterparts to support efforts to de-escalate the extremely worrying situation in Israel/Palestine.
The EU’s priority and message remains clear: violence must end now.
— Josep Borrell Fontelles (@JosepBorrellF) May 15, 2021
سربراہ وزارت خارجہ ای یو کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات کی حیثیت کا احترام کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے مقدس مقامات کے اطراف اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے۔
جوزف بوریل نے کہا ہم اس صورت حال پر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطوں میں ہیں، تنازع کی اصل وجوہ کی نشان دہی کی جانے چاہیے، اور اس کے حل کے لیے سیاسی راستے کی تلاش کی اشد ضرورت ہے، تاہم عالمی اتفاق رائے سے دو ریاستی حل کے لیے راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
ادھر غزہ میں اسرائیلی حملے میں عالمی میڈیا ہاؤسز کی عمارت کی تباہی پر یو این سیکریٹری جنرل نے اسرائیلی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو غزہ میں حملوں میں عام شہریوں کی بڑھتی اموات پر بھی افسوس ہوا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حملے میں تباہ عمارت میں الجزیرہ سمیت کئی میڈیا ہاؤسز کے دفاتر تھے، اور اس حملے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد بھی شہید ہو گئے تھے جن میں بڑی تعداد بچوں کی تھی۔