برسلز: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا اجلاس بڑی پیشرفت ہے، یہ اجلاس مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر نے بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، راجہ فاروق حیدر یورپین پارلیمنٹیرینز سے ملاقاتیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیری قوم آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم بھی کشمیریوں کا جذبہ آزادی نہیں دبا سکے، :سیاسی نظریات سے بالاتر ہوکر کشمیر کے لیے اکٹھے ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا اجلاس بہت اہم ہوگا، جس سے عالمی سطح پر بھارتی جارحیت بے نقاب ہوگی۔
بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، شاہ محمود قریشی
ادھر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امید ہے یورپین پارلیمنٹ انسانی حقوق کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی، اس کے علاوہ 3ستمبر کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر تاریخی احتجاج ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 27ستمبر کو عمران خان جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کریں گے، عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق دہشت گرد کلبھوشن کو قونصلررسائی دی جائے گی۔