برسلز: یورپی یونین گزشتہ برس 2020 تک 2 کروڑ افراد کو غربت سے نکالنے میں ناکام رہی۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین میں غربت کے حوالے سے ایک یو این رپورٹ جاری ہوئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ای یو میں غربت کے شکار افراد کی تعداد 9 کروڑ 24 لاکھ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہر 5 میں سے ایک شخص غربت کا شکار ہے، مجموعی آبادی کا 21.1 فی صد غربت کے باعث سماجی اخراج کے خطرے سے دوچار ہے، یعنی 92.4 ملین (9 کروڑ 24 لاکھ) افراد۔
رپورٹ کے مطابق یونین بھر میں ایک کروڑ 94 لاکھ بچے غربت میں جی رہے ہیں، اور 2 کروڑ چالیس لاکھ مزدور غربت کے خطرے سے دوچار ہیں۔
The EU missed its commitment to lift 20 million people out of poverty. The reason? Benefits not evenly distributed: steady economic and employment growth until recently, yet investments in health+social protection have only decreased in the last 10 years: https://t.co/u1hCaJImwO
— UN Special Rapporteur on poverty and human rights (@srpoverty) January 29, 2021
اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے انتہائی غربت و انسانی حقوق کے لیے نمائندہ خصوصی اولیوئیرڈی سخوتر نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ کرونا وائرس نے ایسے بے شمار لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا جنھوں نے پہلی بار بھوک دیکھی۔
انھوں نے کہا یورپی یونین کے 2020 تک 20 ملین افراد کو غربت سے نکالنے کے عزم کو دھچکا لگا ہے، اگر غربت کے خاتمے کے اپنے عزم پر قائم رہنا ہے تو یورپی یونین کو دلیری کے ساتھ اپنی سماجی و معاشی گورننس پر نظر ثانی کرنی ہوگی۔