برسلز: بھارت کو سفارتی سطح پر ایک اور بڑی نا کامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، برسلز میں یورپی پارلیمان میں مسئلہ کشمیر پر ان کیمرا بریفنگ نے بھارتی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق مسئلہ کشمیر پر یورپی پارلیمان میں ان کیمرا بریفنگ میں برطانوی مندوب فل بینئن نے بھارت پر مذاکرات کے لیے زور دینے کی تجویز پیش کی۔
70 رکنی اجلاس کے اکثر ارکان نے تجویز کی حمایت کی، فل بینئن نے کہا معاملہ دو طرفہ قرار دے کر ختم نہیں کیا جا سکتا، بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے دباؤ ڈالنا ہوگا۔
فل بینئن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ختم کرانا ہوگی، سیاسی قیدی رہا کرانا ہوں گے اور کرفیو ختم کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا اجلاس بڑی پیشرفت ہے: فاروق حیدر
اجلاس میں رکن پارلیمنٹ مائیکل گالر نے کہا کہ یورپین یونین کو مقبوضہ کشمیر پر رد عمل دینا چاہیے۔
چیئرمین انسانی حقوق کمیٹی نے کہا مقبوضہ کشمیر میں صورت حال بہت خراب ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت فوری بحال کرے۔
دریں اثنا، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کہتے ہیں کہ انھوں نے یورپی یونین حکام اور یو این نمایندے کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی نے مسئلہ کشمیر پر رپورٹ طلب کی تھی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ یورپی یونین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر اجلاس بڑی کام یابی ہے، اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر بھی شریک ہوں گے۔