یورپی یونین نے شام پر تمام اقتصادی پابندیاں اٹھانے پر اتفاق کر لیا۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق شامی وزیرخارجہ نے یورپی یونین کی جانب سے پابندیوں کے خاتمے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے معیشت کے استحکام میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
یورپی یونین کی پابندیوں میں نرمی کے بعد شامی بینکوں کو عالمی مالیاتی نظام سے جوڑا جائے گا۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ پابندیاں ہٹانے کے فیصلے سے شام کی معیشت کی بحالی میں مدد ملےگی تاہم شامی حکومت کے سابقہ ارکان پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔
امریکی صدر نے شام پر سے پابندیاں ہٹانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب اور ترک قیادت سے ملاقات کے بعد شام سے پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پابندیاں ہٹنے سے شام کو ایک عظیم ملک بننے کا موقع ملے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر ایران کو تعلقات میں بہتری کی پیشکش بھی کی اور کہا کہ وہ ایران کو نئے راستے کی پیشکش کرتے ہیں جو بہتر مستقبل کا ضامن ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہوں۔ اگر اس کے ساتھ ڈیل ہو جائے تو خوشی ہوگی۔ ایران کے پاس وقت ہے فیصلہ کرے کیونکہ یہ پیشکش ہمیشہ نہیں رہے گی۔
امریکی صدر نے واضح کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے اور اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اس پر شدید دباؤ ڈالنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
منصوبہ
شام نے اپنے ملک میں روس کا کردار ختم کرنے کیلئے یواےای اور جرمنی میں کرنسی چھاپنےکا منصوبہ تیار کر لیا۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق شام کرنسی کی چھپائی پر یواےای کی فرم کےساتھ بات چیت کر رہا ہے جب کہ جرمن کمپنیاں بھی شام کی نئی کرنسی چھاپنے کیلئے دلچسپی رکھتی ہیں۔
شام روس کے بجائے متحدہ عرب امارات اور جرمنی میں ایک نئی ڈیزائن کردہ کرنسی پرنٹ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
تین ذرائع نے بتایا کہ امریکی پابندیوں میں نرمی کے بعد خلیجی عرب اور مغربی ریاستوں کے ساتھ تیزی سے بہتر ہونے والے تعلقات کی عکاسی کرتے ہوئے دمشق کو نئے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔
شام کے نئے حکمرانوں اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے تعلقات کی ایک اور علامت میں، دمشق نے جمعرات کو طرطوس بندرگاہ کی ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات کے ڈی پی ورلڈ کے ساتھ 800 ملین ڈالر کے ابتدائی معاہدے پر دستخط کیے۔