برسلز: یورپی یونین نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور پر یورینیم افزودگی بڑھانے کا سلسلہ روک دے اور ماضی میں کیے گئے معاہدے کی پاسداری کرے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مغربی ممالک فرانس، برطانیہ اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی جوہری سرگرمیاں ترک کرے اور تاخیر کیے بنا معاہدے کی پاسداری کو یقینی بنائے۔
مغربی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر کہا کہ ایران جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے اس لیے فوری طور پر مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے یورینیم کی افزودگی 3.67 سے بڑھا کر 4.5 کردی ہے جس پر یورپی یونین نے پیدا ہونے والی گھمبیر صورت حال پر قابو پانے کے لیے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکی بدمعاشی ایران کے جوہری بحران میں اضافے کی وجہ ہے، چین
فرانس کے صدر نے اپنے سفارتی مشیر کو بھی فوری طور پر تہران بھیجا ہے تاکہ 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے کو محفوظ بنایا جاسکے۔
واضح رہے کہ ایران نے اس سے قبل برطانیہ، فرانس اور جرمنی پر یہ واضح کیا تھا کہ وہ وعدے کے مطابق ایران کی معیشت کو سہارا دینے کے اقدامات کریں اور امریکی پابندیوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے میں مدد کریں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران اپنے تمام اقدام کو واپس لے سکتا ہے اگر یورپی ممالک اپنے وعدوں پر پورا اتریں۔
جواد ظریف کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے تین فریقین کے پاس ٹھوس سیاسی موقف سے گریز، معاہدے کو بچانے اور امریکی یکطرفہ نظام کو روکنے کے لے کوئی عذر موجود نہیں ہے۔