پیرس : یورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن اسپین کروشیا کے ہاتھوں ناکام ہوگیا جبکہ جرمنی، پولینڈ اور ترکی نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔
فرانس میں یورو کپ کے ٹائٹل کی حصول کی جنگ جاری ہے، گروپ ڈی میں اسپین اور کروشیا کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، اسپین کی ٹیم پہلے ہاف کے ابتدا میں برتری حاصل کرنے کے باوجود میچ ہار گئی، موراٹا نے ساتویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی، پینتالیسویں منٹ میں کروشیا نے مقابلہ برابر کردیا۔
دوسرے ہاف میں کروشیا نے اسپین کو گھیر لیا اور اختتامی لمحات میں کروشین اسٹرائیکر پیریسیک نے گول کیا، جو فیصلہ کن ثابت ہوا، کروشیا سے ناکامی کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں اسپین اب اٹلی کے مدمقابل آئے گا۔
ایک اور میچ میں ورلڈ چیمپئن جرمنی نے شمالی آئرلینڈ کو ایک گول سے شکست دے دی، ناکامی کے باوجود شمالی آئرلینڈ نے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنالی۔
پولینڈ نے یوکرین کو ہراکر آخری سولہ ٹیموں کیلئے کوالیفائی کرلیا، پولینڈ نے یوکرین کو ایک صفر سے زیر کیا، ترکی نے جمہوریہ چیک کو دو صفر سے آؤٹ کلاس کردیا۔
۔