جمعرات, فروری 27, 2025
اشتہار

یورپی یونین نے امریکا کو کافی نقصان پہنچایا، ڈونلڈ ٹرمپ

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یورپی یونین نے امریکا کو کافی نقصان پہنچایا، یہ بات انہوں نے اپنی کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں امریکی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں تمام وزراء اور مشیروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ نے تمام محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، کابینہ اجلاس میں امریکی صدر کے مشیر ایلون مسک نے حکومتی قرضوں اور محکموں کے زائد اخراجات پر بریفنگ دی۔

 یورپی یونین

کابینہ اجلاس کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک نے میڈیا سے گفتگو کی، ٹرمپ نے کہا کہ یورپی یونین کی تخلیق کا مقصد امریکا کو نقصان پہنچانا تھا اور یورپی یونین امریکا کو نقصان پہنچانے میں کافی حد تک کامیاب بھی ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایلون مسک کی سربراہی میں ڈوج کا محکمہ اربوں ڈالرز کی چوریاں پکڑ رہا ہے، وفاقی ملازمتوں میں کئی ایسے لوگ بھی ہیں جو موجود ہی نہیں۔

ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ سننے میں آرہا ہے کہ کئی حکومتی اراکین ایلون مسک سے خوش نہیں ہیں؟

ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ اراکین سے سوال کیا کہ اگر کسی حکومتی رکن کو ایلون مسک پسند نہیں تو مجھے بتائے تو اسے ابھی اجلاس سے باہر نکال دیتے ہیں، ٹرمپ کے اس مزاحیہ جواب پر کابینہ اراکین کے قہقہے گونجنے لگے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں اب تک اپنی کابینہ کے تمام اراکین کی کارکردگی سے خوش ہوں، ہم حکومتی ڈھانچے کو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں،  بارڈر سیکورٹی، پٹرول، آئس اور غیرقانونی امیگرینٹس کو نکالنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ امریکا میں قانونی طریقے سے آئیں، گولڈ کارڈ کے ذریعے بہترین لوگ امریکا آکر سرمایہ کاری کریں گے، غیرملکی ادارے گولڈ کارڈ کے ذریعے امریکا میں کاروبار کرسکتے ہیں۔

روس یوکرین جنگ

روس یوکرین جنگ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں ہزاروں کی تعداد فوجی مارے جارہے ہیں، میری پہلی ترجیح جنگ کے قتل عام کو روکنا ہے، ہم اس جنگ کے خاتمے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس کے صدر بہت ہوشیار آدمی ہیں، میرے خیال میں روس یوکرین جنگ پر معاہدہ ہوجائے گا، یوکرین روس جنگ کو فوری ختم ہوتے دیکھنا چاہتا ہوں، ہمارے جنگی سازو سامان کے بغیر یوکرین جنگ لڑ ہی نہیں سکتا تھا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں روس پر کوئی نئی پابندیاں عائد نہیں کررہا، میرا پہلا مقصد اس خطے میں امن قائم کرنا ہے، یوکرین کے ساتھ معدنیات کے معاہدے سے امریکا کو بہت فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری دوسری ترجیح پیسے کا ضیاع روکنا ہے، امریکا نے350ارب ڈالرز خرچ کئے، یورپ نے100ارب ڈالرز خرچ کئے لیکن انہیں یہ رقم واپس مل گئی، امریکا کو اب تک کوئی رقم واپس نہیں ملی۔

چین امریکا تعلقات 

چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ میرے چین کے صدر کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، میرے دور میں چین کے ساتھ تعلقات مزید بہتر ہوں گے، اس کے علاوہ میرے دور میں روس، یوکرین اور مشرق وسطی کے ساتھ تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔

امریکی صدر نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے باعث امریکا میں ہزاروں لوگوں کی اموات ہوچکی ہیں، یہ منشیات چین سے میکسیکو سرحد کے ذریعے آرہی تھیں۔

غزہ صورتحال 

غزہ کی صورتحال پر انہوں نے بتایا کہ فیز ون کا مرحلہ ختم ہونے والا ہے، اسرائیل لاشیں وصول کررہا ہے اور یہ فیصلہ اسرائیل کا ہی ہے۔

افغان جنگ

افغان جنگ کے حوالے سے انہون نے بتایا کہ امریکا نے افغانستان میں اربوں ڈالرز خرچ کئے اور وہاں سے واپسی پر اربوں ڈالرز کے ہتھیار وہیں چھوڑ دیئے گئے، افغانستان اب امریکا کا چھوڑا ہوا اسلحہ دنیا کو فروخت کررہا ہے، ہم افغانستان میں اپنا چھوڑا ہوا اسلحہ واپس لیں گے، افغانستان میں ہر سال ہزاروں امریکی فوجی گاڑیوں، رائفلز کی نمائش کی جاتی ہے۔

ٹیرف عائد

صدر ٹرمپ نے کہا کہ 2 اپریل سے میکسیکو پر25فیصد ٹیرف عائد کردیا جائے گا، میکسیکو کی سرحد سے فینٹانیل کی اسمگلنگ سے امریکا میں 3 لاکھ افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا 95 فیصد امریکا پر انحصار کرتا ہے، اس کی فوج بھی انتہائی کم ہے، کینیڈا پر بھی 25فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا میں انتخابات ایک دن میں ہونے چاہیے60دن میں نہیں، میل ان ووٹنگ میں ہزاروں ڈبے آگے پیچھے ہوجاتے ہیں۔

 ٹرمپ زیلنسکی ملاقات

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعہ کو یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے، دونوں صدور کے درمیان ملاقات وائٹ ہاؤس میں ہوگی۔

ایلون مسک کی گفتگو 

اس موقع پر ایلون مسک نے کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کی کوششیں کی جارہی ہیں، ہمارے کام میں کچھ غلطیاں بھی ہوں گی جنہیں درست کریں گے۔

ایلون مسک نے وفاقی ملازمین کو کارکردگی کےحوالے سے ای میلز بھیجنے پر سوال کا جواب دیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی ملازمین مزید بہتر کام کریں۔

صدرٹرمپ کے مشیر نے کہا کہ پہلے لوگ صرف ایک ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری سے گرین کارڈ حاصل کررہے تھے، سرمایہ کاری کے ویزوں کو غلط طریقے سے استعمال کیا جارہا تھا۔

اہم ترین

مزید خبریں