پواسلام آباد : شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں شریف فیملی کو دیئے گئے سوالنامے کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، 28صفحات پر مشتمل سوالنامہ میں 127سولات پوچھے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں نامزد ملزمان نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو فراہم کردہ سوالنامے کی نقول اے آر وائی نیوز کو مل گئی۔
عدالت نے تمام ملزمان سے ان کی درست تاریخ پیدائش بھی پوچھی ہیں۔ سوالنامہ میں شریف فیملی سے127سوالات کیے گئے ہیں، جن میں سے کچھ سوالات قارئین کی آگاہی کیلئے درج کیے جا رہے ہیں۔
عدالت کی جانب سے ایک سوال میں پوچھا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں اپنے دفاع میں پیش کی گئی دستاویزات پر کیا کہیں گے؟ جےآئی ٹی میں اپنے دفاع میں پیش دستاویزات پر کیا جواب ہے؟ آپ پر الزام ہے کہ آپ کی جائیداد اور اثاثوں میں مطابقت نہیں ہے، الزام ہے جائیدادیں سرکاری آفس میں ہوتے ہوئے کرپشن سے بنائیں۔
مذکورہ سوالنامے میں مریم نواز سے پوچھا گیا ہے کہ آپ پر الزام ہے آپ نے جے آئی ٹی کے سامنے جعلی دستاویزات پیش کیں؟، اس کے علاوہ الزام ہے آپ کی طرف سے جمع کرائی گئی ٹرسٹ ڈیڈ بھی جعلی تھی؟
سوال نامے میں نوازشریف سے عوامی عہدوں سے متعلق بھی سوال شامل ہے، اس کے علاوہ عدالت نے تینوں ملزمان سے کئی مشترکہ سوال بھی پوچھے ہیں،عدالت نے واجد ضیا کے بیان سے متعلق بھی سوالات پوچھے،۔
عدالت کا سوال ہے کہ رابرٹ ریڈلے کی گواہی پر آپ کاکیا مؤقف ہے؟ کیاگلف اسٹیل ملز کے25فیصد شیئرز کی فروخت کے معاہدہ کا وجود نہیں؟ کیا واجد ضیا کے شواہد کے مطابق قطری خطوط افسانہ تھے؟ کیا آپ اپنے دفاع میں کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ یا آپ اپنے دفاع میں کوئی گواہ پیش کرنا چاہتے ہیں؟
الزام ہے آپ نے نیلسن، نیسکول کی ملکیتی جائیداد کے بےنامی دار ہیں؟ آپ پر الزام ہے کہ لندن فلیٹس1993سے آپ کے قبضے میں ہیں؟
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نواز شریف کو 127 سوالات پر مشتمل سوالنامہ دیا ہے اور ان سوالات کے جوابات مانگے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔