کراچی : سابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیاتقریب میں آئی جی سندھ سید کلیم امام نے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں چیف سیکریٹری ۔سیکریٹری داخلہ ،جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ سید کلیم امام نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کی بحالی میں پولیس کے ساتھ رینجرز کا اہم تعاون رہا ہے، صوبے میں قییام امن کیلئے یہ تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔
اس موقع پراپنے خطاب میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کا کہنا تھا کہ آج سے ڈھائی سال پہلے جب کراچی آیا تھا تو امن وامان سے متعلق بہت سے چیلنجز درپیش تھے، آج شہر کراچی کی صورتحال پر امن اور عوام دوست ہے، امن و امان کے قیام کیلئے رینجرز اور پولیس ایک ساتھ ہے، پولیس کے ساتھ جرائم کے خلاف تعاون اور مشترکہ اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
مزید پڑھیں : میجرجنرل عمراحمد بخاری نے نئے ڈی جی رینجرز سندھ کی کمان سنبھال لی
یاد رہے کہ ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کے بعد اس عہدے کی کمان میجرجنرل عمر احمد بخاری نے سنبھال لی ہے، رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی تقریب میں میجرجنرل محمد سعید نے عہدے کی ذمے داریاں میجرجنرل عمراحمد کے سپرد کیں۔ میجرجنرل عمراحمد بخاری سندھ کے چودہویں ڈی جی رینجرز ہیں۔