کراچی : کشمیری رائٹر اورسابق بھارتی آئی اے ایس آفیسر شاہ فیصل بھی وزیراعظم عمران خان کیلئے نوبل پرائز کے حامی نکلے اور کہا عمران خان نے2ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کاماحول ختم کیا، نوبل پرائزکیلئےاس سےبڑھ کرکیا اقدام ہوسکتاہے۔
تفصیلات کے مطابق کشمیری لکھاری اوربیوروکریٹ شاہ فیصل نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کیلئےنوبل پرائز کی حمایت کردی ۔
شاہ فیصل کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اقدام نے دو ایٹمی ملکوں کو ممکنہ جنگ سے بچالیا، نوبل پرائز کیلئے اس سے بڑا اور کیا اقدام ہو سکتاہے۔
بھارتی آئی اے ایس امتحان کے پہلے ٹاپر کشمیری نے کہا عمران خان کےاس اقدام نے کروڑوں افراد کی زندگیاں بچالیں، جینوا کنونشن کا تو بہت سناتھا عمل اب ہوتے دیکھا ہے۔
یاد رہے چند روز قبل سابق بھارتی آئی اے ایس آفیسر شاہ فیصل نے بھارتی ٹی وی پر بھرپوردلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کونوبل انعام ملناچاہئے کیونکہ بھارتی پائلٹ کی رہائی چھوٹی بات نہیں ایسےموقع پرجب ایٹمی تباہی کاخدشہ تھا پاکستانی وزیراعظم کھڑے ہوئے اور پائلٹ کی رہائی کااعلان کیا یہ انسانیت کی خاطرکیاگیا، جو آج تک برصغیر کی تاریخ میں کسی نے نہیں کیا۔
انھوں نے مزید کہا عمران خان امن کی خاطر کھڑے ہوئے ہمیں کم ازکم اس سچائی کا اعتراف کرناچاہیئے، پائلٹ رہا کرکے ونگ کمانڈر کے والدین نے بھی اس اقدام کوسراہا۔
خیال رہے وزیراعظم کی جانب سے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کے بعد نوبل پرائز فارعمران خان کاہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈبن گیا تھا جبکہ دنیا بھر کے اخبارات اور نیوز چینلز نے بھی پاکستان کے فیصلے کو ہیڈلائنز کا حصہ بنایا۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کوامن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ
سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے وزیراعظم عمران خان کو امن کا سفیر قرار دے کر انھیں امن کا نوبل انعام دینے کی مہم شروع کی گئی تھی، آن لائن درخواست میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خطے میں امن قائم کرنے کی کوششیں کرنے پر 2020 کا امن کا نوبل انعام دیا جائے۔
واضح رہے 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کےدو طیارے مارگرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کوگرفتارکرلیا تھا، جس کے بعد بھارت نے بھی طیاروں کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا، عمران خان کے اس اقدام کو دنیا بھر میں سراہا گیا تھا۔