اسلام آباد: نیب نے نیشنل بینک کے سابق صدر علی رضا، سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور سابق سیکریٹری لینڈ سندھ شاذر شمعون کے خلاف کرپشن ریفرنسز دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے ذوالقرنین حیدر کے مطابق چیئرمین نیب کے زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کرپشن کرنے پر ان تینوں سابق افسران کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔
اطلاعات ہیں کہ سابق آئی جی سندھ پر الزام ہے کہ وہ انہوں نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایس آر پی حیدرآباد میں غیر قانونی بھرتیاں کیں جس کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔
اسی طرح سابق سیکریٹری لینڈ سندھ شاذر شمعون کے خلاف قومی خزانے کو 53 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے ، انہوں نے 530 ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کی۔
دریں اثنا نیب ایگزیکٹو کمیٹی نے سابق صدر نیشنل بینک علی رضا کے خلاف بھی کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔