پشاور : بلیک میلنگ میں ملوث اے این ایف کا سابق انسپکٹر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ملزم نے یوتھ کونسلر سے پانچ لاکھ روپے رشوت کے عوض وصول کئے۔
تفصیلات کے مطابق حساس اداروں اور ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے کارروائی کرکے بلیک میلنگ میں ملوث اینٹی نارکوٹکس فورس کے سابق انسپکٹر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
ملزم سیف الرحمان مردان کے رہائشی یوتھ کونسلر مدثر کو بلیک میل کر رہاتھا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے یوتھ کونسلر سے دس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جو5لاکھ پر فائنل ہوا تھا۔
مدثر نے سعودی عرب میں بھائی کیلئے کپڑے چکدرہ کے رہائشی کے ہاتھوں بھجوائے تھے، چکدرہ کارہائشی پشاور ایئرپورٹ پر منشیات کے الزام میں گرفتار ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق سیف الرحمان یوتھ کونسلر مدثر کو بلیک میل کرتارہا کہ آپ بھی اس کے ساتھی ہیں، سیف الرحمان نے دوران تفتیش دو اے ایس آئیز کا بھی نام بتایا، ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے مزید تفتیش کیلئے اے این ایف سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ پراے این ایف کی کارروائی‘ مسافر گرفتار
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بحرین جانے والے مسافر کے قبضے سے 2 کلو آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔ ہیروئن بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔
اس سے قبل بھی گزشتہ ہفتے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسٹمز اور اے این ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔