واشنگٹن : امریکی حکام نے اپنی ہی فضائیہ کی سابق افسر کو ملک سے غداری اور ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی پراسیکیوٹر نے یو ایس ایئر فورس کی سابق افسر پر اپنے روایتی حریف ایران کو اپنے انٹیلی جنس افسران کی معلومات فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے 39 سالہ مونیکا ویٹ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے امریکی خفیہ اداروں کے افسران پر ہونے والے سائبر حملوں میں پاسداران انقلاب کی معاونت کی ہے۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مونیکا ویٹ نے نظریات کی بنیاد پر اپنے ملک کے خلاف غداری کی تھی اور ایران کو خفیہ معلومات فراہم کیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فضائی کی سابق افسر کا سنہ 2013 میں ایران کے ساتھ رابطہ ہوا تھا جہاں مونیکا نے اپنے ساتھیوں کی معلومات پاسداران انقلاب کو فراہم کیں جس کے بعد امریکی خفیہ اداروں کے افسران پر سائبر حملے ہوئے۔
خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ انصاف نے مونیکا ویٹ پر خفیہ اداروں کے افسران کے نام، مختلف آپریشنز کی معلومات اور امریکی حکومت کے راز ایران کو فراہم کیے تھے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ’ہمارے لیے بہت افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک کی ایک سابق افسر اپنے ہی ملک سے غداری کررہی ہے‘۔
امریکی سیکیورٹی ادارے ایف بی آئی نے ٹویٹر پر ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کے لیے خفیہ اداروں کے افسران کے کمپیوٹر میں داخل ہونے اور ڈیٹا چوری کرنے کے الزام میں چار ایرانی شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی نے ٹویٹر پر مونیکا ویٹ کےلے اشتہار شائع کیا ہے کہ ’جاسوسی اور دیگر جرائم میں ملوث مونیکا ایلفراڈو ویٹ جہاں بھی نظر آئے فوری طور پر ایف بی آئی یا قریبی امریکی سفارت خانے سے رابطہ کریں‘۔
Monica Elfriede Witt is #wanted by the #FBI for her alleged involvement in criminal activities to include espionage & conspiracy to commit espionage. If you have info concerning Witt, contact your local FBI office or the nearest U.S. Embassy or Consulate. https://t.co/f0OsA1hayy pic.twitter.com/eb4pe5UsEe
— FBI (@FBI) February 13, 2019
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 39 سالہ مونیکا ویٹ امریکی ایئر فورس میں سنہ 1997 سے 2008 تک بطور افسر خدمات انجام دیں چکی ہیں۔
مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مونیکا ویٹ نے مبینہ طور پر ایران میں ایک ٹی وی پروگرام کے دوران اسلام قبول کیا تھا اور اپنا تعارف سابق امریکی افسر کے طور پر کروایا تھا جس کے انہوں نے متعدد ٹی وی پروگرام کیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مونیکا ویٹ کے اس عمل امریکا میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔