کراچی : محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد سندھ نے جائیداد ٹیکس نادہندہ گان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ، 30 ستمبر تک جائیداد ٹیکس جمع کروانے والوں کو 5 فیصد ریلیف ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات راجہ خرم شہزاد عمر، ڈائریکٹر جنرلز منیر احمد زرداری، حاجی سلیم بھٹو، ڈائریکٹر پراپرٹی ثمینہ بھٹو اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ جائیداد ٹیکس نادہندہ گان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے ، جائیداد ٹیکس کے بڑے نادہندہ گان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
مکیش کمار کا کہنا تھا کہ جائیداد ٹیکس نادہندہ گان کو کمپیوٹرائزڈ چالان جاری کیے گئے، جائیداد ٹیکس نادہندہ گان کو ترغیب دینے کے لئے تشہیری مہم بھی چلائی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ 30 ستمبر تک جائیداد ٹیکس جمع کروانے والوں کو5 فیصد ریلیف ملے گا، جلد ہی جائیداد ٹیکس کے بڑے نادہندہ گان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی، کارروائی میں دکان مکان اور دیگر املاک سربمہر کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کارروائی میں جائیداد کی قرقی بھی شامل ہے، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے ٹیکس نادہندہ گان جلد ٹیکس جمع کروائیں، چالان نہ ملنے کی صورت میں متعلقہ ایکسائز دفتر سے رابط کریں۔
مکیش کمار نے کہا کہ جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لئے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، افسران قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ٹیکس نادہندہ گان کے خلاف کارروائی کریں۔