کراچی: بحری جہازوں سے رسنے والے تیل سے سمندری آلودگی اور اس کے تدارک کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی مشق بارہ کوڈا کا آغاز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی کے زیر انتظام اور پاک بحریہ کے تعاون سے 10 ویں بارہ کوڈا مشق کا آغاز ہوگیا۔ مشق کا آغاز ہیڈ کوارٹر میری ٹائم سیکیورٹی میں پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ تقریب میں 11 دوست ممالک کے مندوبین نے بھی شرکت کی۔ غیر ملکی مندوبین نے یادگار شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔
ترجمان کے مطابق غیر ملکی مندوبین نے ڈی جی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سے بھی ملاقات کی۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق مشق کا مقصد سمندر میں تیل کا رساؤ روکنا اور رسنے والے تیل سے نمٹنا اور بحری قذاقی یا ناگہانی آفت سے بچاؤ کے لیے آگاہی حاصل کرنا ہے۔
اس سے قبل سمندر اور سمندری حیات کے تحفظ کے لیے کی جانے والی مشق بارہ کوڈا کی خصوصی ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی۔ ویڈیو میں سمندر اور سمندری حیات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
ویڈیو میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے سمندر کو آلودگی سے محفوظ بنانے کے اقدامات میں پاک بحریہ نے بھر پور تعاون کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سمندری ماحول کی حفاظت کے لیے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا کردار قابل ستائش ہے۔ یہ مشق سنہ 2007 سے منعقد کی جارہی ہے۔