ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی بیشتر ریاستوں میں شدید بارش کے بعد کئی مقامات پر سیلاب کی کیفیت پیدا ہوچکی، ہنگامی صورت حال میں حکام نے ہمدرری کی اعلیٰ ترین مثال قائم کردی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں حکام نے ایشیائی خاندان کوسیلابی ریلے سے بچالیا، متحدہ عرب امارات کے شہری دفاع نے واقعے سے متعلق ویڈیو جاری کی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانبا سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایشیائی خاندان الشیس ، حورفکان کے علاقے میں پریشانی کا شکار تھا، جس کی بروقت مدد کرتے ہوئے انہیں بڑی مصیبت سے بچالیا گیا ہے۔
ویڈیو میں شارجہ میں شدید بارشوں کے باعث سنگین حالات کو دکھایا گیا ہے، جس میں امدادی کارکنان نے ایشیائی خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگادی۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای میں بارشوں کا 27 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریسکیو اہلکار چاروں طرف سے سیلاب کے بھاری پانی کے ساتھ، رات کے وقت آپریشن روشنی کی کمی کے باوجود اپنے اردگرد رسیاں باندھ کر طوفانی پانی میں پھنسے خاندان کے مدد کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
ادھر اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والا شدید بارشوں کا سلسلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے، ریاست شارجہ، فجیرہ اور راس الخیمہ میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
شدید بارشوں کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے، ہائی ویز تالاب بن گئے ہیں جبکہ بہت سے علاقے زیرآب ہیں اور گاڑیاں ڈوبی ہوئی ہیں۔