جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

سعودی عرب: مزید دو غیر ملکی جان لیوا وائرس میں مبتلا

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب میں مزید دو غیر ملکی افراد جان لیوا میرس وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد 2012ء سے اب تک اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد ایک ہزار 442 ہوگئی جب کہ 608 ہلاک ہوچکے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق وزارت صحت نے بتایا ہے کہ جبیل اور حفوف میں 49 سالہ ایک مرد اور 52 سالہ ایک خاتون مڈل ایسٹ ریسپیریٹوری سنڈروم (MERS) کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جن میں یہ مرض کسی مریض اور اونٹ کے ذریعے منتقل ہوا۔

وزارت صحت کے مطابق خاتون کو یہ مرض کسی اور شخص سے جب کہ مرد کو یہ مرض ایک ایسے شخص سے منتقل ہوا جسے حال ہی میں اونٹ سے یہ مرض لگا۔

- Advertisement -

اب تک 608 افراد اس مرض میں ہلاک ہوچکے ہیں

یہ دو نئے کیسز سامنے آنے کے بعد سال 2012ء سے اب تک اس مرض کے شکار افراد کی تعداد 1442 اور جاں بحق افراد کی تعداد 608 ہوگئی۔

اس وائرس کے شکار تین مریض سعودی عرب کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، میرس وائرس کے علاج کے لیے دمام، ریاض، اور جدہ کے تین بڑے اسپتالوں میں خصوصی طور پر وارڈ بنائے گئے ہیں۔

حال ہی میں اضافہ کرتے ہوئے حکام نے ملک بھر میں سہولیات سے بھرپور مزید 20 اسپتالوں میں میرس وائرس کے خلاف خصوصی وارڈز قائم کیے ہیں تاکہ بروقت ان کا علاج کیا جاسکے۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل دسمبر میں حکام کی جانب سے اونٹوں کا معائنہ کیا گیا تو صرف جدہ میں 160 بڑے اونٹوں اور 50 چھوٹے اونٹوں میں یہ خطرناک وائرس پایا گیا۔

سعودی حکام نے اونٹوں کے فارم میں کام کرنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ کام کرتے وقت ہر ممکن احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ماسک لگائیں اور متاثرہ اونٹ سے زیادہ سے زیادہ دور رہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں