اسلام آباد : آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پنشن میں کتنا اضافہ ہونے جارہا ہے ، اس حوالے سے اہم خبر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ جون کے اوائل میں پیش کرنے کا امکان ہے، جس میں تمام ملازمین اپنی تنخواہوں اور پنشن میں نمایاں اضافے کی توقع کر رہے ہیں۔
گزشتہ بجٹ 2024-25 میں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مالیاتی استحکام پر زیادہ توجہ مرکوز کرتے ہوئے کل 18,877 ارب روپے کے بجٹ کو پیش کیا تھا۔
بجٹ میں گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اور گریڈ 17 سے 22 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے جبکہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو حتمی شکل دینے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، وہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اور گریڈ 17 سے 22 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان کرے گی۔
تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے کیونکہ حتمی اعلان بجٹ کے دن ہی کیا جائے گا۔
آنے والے بجٹ 2025-26 میں انکم ٹیکس کی شرح میں 2.5 فیصد کمی کے باعث پاکستانیوں کے لیے ریلیف کا امکان ہے، کیونکہ تنخواہ دار طبقے کو بڑے پیمانے پر ٹیکسوں کا سامنا ہے۔