اسلام آباد : حکومت کی جانب سے جون 2024 کے مہینے میں مسلسل تیسری بار پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث حکومت کی جانب سے مہنگائی کے ستائے پاکستانی عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3.5 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
تاہم آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے سمری بھیجی جائے گی، حکومت 31 مئی کو پیٹرولیم کی قیمتوں میں نظر ثانی کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے، جس کا اطلاق یکم جون 2024 سے مہینے کے پہلے پندرہ دن تک ہوگا۔
خیال رہے 23 مئی 2024 تک بین الاقوامی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پچھلے پندرہ دن کے مقابلے میں 1.68 ڈالر کم ہو چکی ہیں، جو اب 96.19 ڈالر پر آگئی ہیں۔
اسی طرح بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت 83 سینٹ کم ہوکر 98.40 ڈالر ہوگئی ہے۔
یاد رہے 15 مئی کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 15روپے39 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 273 روپے 10 پیسے ہو گئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 88 پیسے تک کمی کے بعد فی لیٹر قیمت 274 روپے 8 پیسے ہو گئی تھی۔