اسلام آباد: پاکستان میں بھارتی سفارت خانے کا اہلکار سرجیت سنگھ اہل خانہ سمیت بھارت روانہ ہوگیا،بھارتی سفارتکار کو پاکستان نےناپسندیدہ شخصیت قراردیاتھا۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی سفارت کار اہل خانہ کے ہمراہ غیر ملکی پروازEk6t پر دبئی کے راستے انڈیا روانہ ہوگیا۔سرجیت سنگھ کو27 اکتوبر کو ناپسندیدہ شخص قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو دفتر خارجہ طلب کر کے، بھارتی سفارت کار سُرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخص قرار دیے جانے کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں:بھارتی ہائی کمیشن کے افسر کو پاکستان چھوڑنے کا حکم
سیکریٹری خارجہ نے بھارتی سفارتی اہلکار کی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرجیت سنگھ کی سرگرمیاں ویانا کنونشن اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہیں۔
بھارتی ہائی کمشنر سے کہا گیا کہ وہ سرجیت سنگھ اور ان کے خاندان کے 29 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کے حوالے سے فوری طور پر ضروری انتظامات کریں۔
مزید پڑھیں:نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کی گرفتاری و رہائی، ملک چھوڑنے کا حکم
یاد رہے کہ قبل ازیں بھارت نے جاسوسی کا الزام عائد کرکے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک افسر محمود اختر کو ’ناپسندیدہ شخص‘ قرار دے کر 48 گھنٹوں کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ بعد ازاں پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی نئی دہلی کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے افسر کو ’ناپسندیدہ شخص‘ قرار دینے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہندوستان کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔