جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

ورلڈ کپ اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے پر تجربہ کار بھارتی کھلاڑی پھٹ پڑے

اشتہار

حیرت انگیز

ورلڈ کپ 2023 کے 15 رکنی حتمی اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے پر بھارت کے تجربہ کار لیگ اسپنر نے کھل کر جذبات کا اظہار کر دیا ہے۔

کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی کا 13 واں میگا ایونٹ ون ڈے ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہو رہا ہے تاہم میزبان کے 15 رکنی حتمی اسکواڈ میں سینئر اور تجربہ کار لیگ اسپنر یوزویندر چہل کو باہر کر دیا گیا ہے۔ انہیں انجرڈ ہوکر میگا ایونٹ سے چند دن قبل اعلانیہ اسکواڈ سے باہر ہونے والے اکشر پٹیل کا متبادل بھی نہیں سمجھا گیا اور اکشر کی جگہ روی چندر ایشون کو شامل کیا گیا۔ اپنے اس طرح سے میگا ایونٹ سے اخراج پر تجربہ کار بولر بھی پھٹ پڑے اور کھل کر جذبات کا اظہار کیا۔

غیر ملکی اسپورٹس میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے اس طرح میگا ایونٹ کے حتمی ٹیم سے باہر ہونے پر چہل نے طنزیہ انداز میں ہنستے ہوئے کہا کہ ایسا میرے ساتھ پہلی بار نہیں ہوا میرے کیریئر میں تین ورلڈ کپ ہوچکے ہیں اور اب میں اس کا عادی ہو گیا ہوں لیکن زندگی میں میرا مقصد کسی دکھ کر گلے لگا کر بیٹھ جانا نہیں بلکہ زندگی میں آگے بڑھنا ہے۔ اس سے قبل 2021 اور 2019 میں ہونے والے دو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی مجھے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

- Advertisement -

چہل جو اس وقت انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں مصروف ہیں وہ کہتے ہیں موجودہ صورتحال میں ان کے لیے یہی بہتر ہے۔ اپنے ملک کے لیے ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کے دیرینہ خواب کی تعبیر پانے کے لیے ہی میں کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلنے آیا ہوں کیونکہ مجھے یہاں ریڈ بال سے کھیلنے کا موقع مل رہا ہے یہ میرے لیے ایک اچھا موقع اور تجربہ حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ کیونکہ آپ نیٹ میں زیادہ سے زیادہ پریکٹس کر سکتے ہیں، لیکن میچ میچ ہوتا ہے۔ مجھے یہاں بہت اچھی سطح پر کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ فرسٹ ڈویژن، کاؤنٹی یہاں بہت کچھ سیکھ رہا ہوں۔

وہ کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں صرف 15 کھلاڑی ہی ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں خود کو یوں نظر انداز کیا جانا تھوڑا برا لگتا ہے میں سمجھتا ہوں کہ صرف پندرہ کھلاڑی ہی اس میں حصہ لے سکتے ہیں، کیونکہ یہ ورلڈ کپ ہے، جہاں آپ 17 یا 18 کھلاڑی حتمی اسکواڈ میں شامل نہیں کر سکتے۔

یوزویندر چہل نے کہا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل اسپنرز کلدیپ یادیو اور روی چندرن ایشون ان کے میدان سے باہر بہترین دوست ہیں لیکن میگا ایونٹ کے حتمی اسکواڈ میں میری سلیکشن کے لیے ان میں سے کسی ایک کو پیچھے چھوڑنا پڑ سکتا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم میں دیگر اسپنرز سے مقابلے کی اس لیے بہت زیادہ نہیں سوچتا کہ میں جانتا ہوں اگر میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا تو میں کھیلوں گا اور وہ وقت کسی دن ضرور آئے گا۔ مجھے چیلنج پسند ہے اور یہ مجھے بتاتا ہے کہ مجھے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ میں واپس آؤں۔

ٹیم سے باہر یوزویندر چہل ورلڈ کپ بھارت کے جیتنے کے لیے بہت پُر امید ہیں اور کہتے ہیں کہ میں ٹیم کا حصہ ہوں یا نہ ہوں اصل مقصد یہ ہے کہ ہندوستان کو جیتنا چاہیے اور مجھے پوری امید ہے کہ انڈیا اپنے گھر میں ہی ورلڈ چیمپئن بنے گا۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہو رہا ہے تاہم میزبان اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 8 اکتوبر کو چنائی میں آسٹریلیا کے خلاف شروع کرے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں