برسلز: بین الاقوامی تنازعات میں ثالثی کے عالمی ماہر فیصل محمد نے کہا ہے کہ اختیارات کے ناجائز استعمال، ماورائے قانون اقرباء پروری اور پارلیمنٹ کے فلور پر غلط بیانی کے جرم میں نواز شریف گرفت میں آسکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تین دہانیوں قبل پاکستان کی سیاست میں متحرک رہنے والے فیصل محمد نے بتایا کہ ان کی معلومات کے مطابق پاکستان میں پاناما کے حوالے سے چلنے والا مقدمہ پاکستان کی آئندہ سیاست کے لیے ایک اہم راہ متعین کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کے متوقع فیصلے کے نتیجہ میں نہ صرف دونوں فریقین کے مستقبل کی راہیں متعین ہوں گی بلکہ کرپشن کے حوالے سے دوسری بڑی جماعتوں اور سیاسی رہنماؤں کے لیے بھی مثال قائم ہوگی اسی لیے عالمی سطح پر بھی اس مقدمہ میں دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے۔
پاکستان میں فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوجی عدالتوں کا قیام کوئی برا نہیں، عالمی سطح پر اس کی کئی مثالیں موجود ہیں، پاکستانی فوج کے نظام انصاف میں انتہائی شفافیت موجود ہے جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے اس لیے عارضی طور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اس کے قیام کی اہمیت ہے۔